اعتکاف

0

اعتکاف کیاہے ؟ ایک مسنون عبادت ہے ، جو اللہ کے گھر میں محصور ہوکر کی جاتی ہے ۔ایک وسیلۂ تقرب ہے،  جو دل کی صفائی کے لیے اللہ کی طر ف توجہ ،  التفات اوراِنابت کے لیے اختیار کیا جاتاہے ۔
اعتکاف اللہ کی رحمت اوراس کے کرم کی امید پر اس کے دروازے پرجم جانے کانام ہے۔ یہ اللہ کے قلعے میں پناہ لینے کانام ہے،  جہاںاس کادشمن اپنی سازشوںاورچالوں سے نہیں پہنچ سکتا،  کیونکہ اللہ کی پناہ سب سے بہترین پناہ ہے ،  وہ سب سے زیادہ اورمکمل طاقت اورقوت رکھنے والاہے ۔
اعتکاف کرنے والا،  نمازی کی طرح ہے ،  کیونکہ وہ اللہ کے گھر میں ڈیرہ ڈال کر ہر فرض نماز کا منتظر ہوتاہے،  بلکہ دیگر نوافل کے ذریعے اللہ کاتقرب حاصل کرنے کی کوشش کرتاہے ۔اعتکاف کرنے والا اگر مخلص ہو،  یعنی محض اللہ کی عبادت اورخشنودی کی خالص نیت سے (کسی اورغرض اور فائدئے کی ملاوٹ اورآمیزش کے بغیر)اعتکاف کررہا ہو تو اس کی کیفیت ،  قرب کی کیفیت ہوتی ہے ۔روزے کامقصد بھی حصولِ تقویٰ ہے ۔ اعتکاف کرنے والا (غیر رمضان میں بھی )اگر روزے کا اہتمام کرلے تو دل کی پاکیزگی ،  نفس کی صفائی اور تقویٰ سبھی مقاصد حاصل ہوسکتے ہیں۔
یہ ایک سامان فروغِ ذات اورذریعۂ تحسینِ ذات ہے۔
تہجد کی طرح ،  اعتکاف بھی ایک وظیفہ ٔ  خواص وصالحین ہے،  کیونکہ نماز ِتہجد ،  اعتکاف کا ایک اہم حصہ ہے ۔ یہ بھی ایک نصابِ قیادت ہے ۔ تنہائی  اور   تَـبَـتُّـل پر مشتمل ایک مجلسِ تَـفَـقُّـہ ہے ،  ملکو ت  السماوات والارض پر غور وفکر کے لیے ۔ ایک محفلِ تدبر ہے ۔ تنہائی میں اللہ سے راز  دارانہ گفتگو کرنے کا ایک موقع ہے ۔  ایک ایسی روحانی تربیت گاہ ہے،  جو اللہ کے گھر میں منعقد ہوتی ہے اورجس میں اللہ تعالیٰ کے سامنے بندہ اپنی بے بسی ،  بے چارگی ،  عاجزی ،  درماندگی  ،  عُـبُـودِ یَّت اور  تَـذَ لُّل  کااظہار کرتاہے ۔
اس مسنون اور نفل ،  لیکن اہم عبادت کی اہمیت ،  فضیلت اور اَحکام ومسائل پر یہ مختصر رسالہ حاضرِ خدمت ہے ۔ اہلِ علم سے درخواست ہے کہ وہ اس کی کوتاہیوں سے آگاہ فرمائیں ۔

ڈاؤن لوڈ کریں  اعتكاف

Leave A Reply